بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

بحیرۂ احمر میں حوثیوں کا کمرشل جہاز پر حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرۂ احمر میں کمرشل جہاز پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے جاں بحق پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی شہری کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ غیر جنگی کمرشل جہازوں پر حملے معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری جہاز رانی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان سعودی حکام اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو متعلقہ حکام سے فوری رابطے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

وزیر خارجہ نے سفارتخانے کو جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے اور زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بحیرۂ احمر میں پیش آنے والے واقعے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یمنی حکومت اور کوسٹ گارڈ ذرائع نے بتایا تھا کہ بحیرۂ احمر میں باب المندب کے مقام پر حوثیوں نے ایک کارگو جہاز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان ہلاک ہوئے۔

واقعے کے بعد بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز رانی کی سلامتی اور خطے میں موجود سیکیورٹی خطرات پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

2026-08-12 17
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×