بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

بشریٰ انصاری کا بوٹوکس کے تجربے سے متعلق انکشاف، چہرہ بری طرح متاثر ہوگیا تھا

SerialKiller

تقریباً 10 سے 12 سال قبل آنکھوں کے گرد بوٹوکس کروانے کے بعد ان کا چہرہ متاثر ہوا

کراچی: پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ کئی سال قبل بوٹوکس ٹریٹمنٹ کروانے کے بعد انہیں چہرے سے متعلق سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے باعث وہ کافی خوفزدہ ہوگئی تھیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے جلد کی دیکھ بھال اور خوبصورتی کے مختلف طریقوں پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے بوٹوکس کے تجربے کی تفصیلات شیئر کیں۔

بشریٰ انصاری کے مطابق انہوں نے تقریباً 10 سے 12 سال پہلے آنکھوں کے اطراف بوٹوکس ٹریٹمنٹ کروایا تھا، تاہم ان کے بقول مناسب طبی رہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے انہیں مشکلات پیش آئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ٹریٹمنٹ کے بعد وہ اسی جانب کروٹ لے کر سوگئی تھیں جہاں بوٹوکس کروایا گیا تھا۔ ان کے مطابق پانچ سے چھ روز بعد چہرے کی شکل متاثر ہونے لگی اور انہیں محسوس ہوا کہ چہرہ نیچے کی جانب لٹک رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران ان کی آنکھیں بھی متاثر ہوئیں جبکہ ہونٹوں کی ساخت میں بھی تبدیلی محسوس ہوئی۔ اچانک آنے والی ان تبدیلیوں نے انہیں اس قدر پریشان کردیا کہ وہ فالج کے خدشے سے بھی خوفزدہ ہوگئی تھیں۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے تقریباً دو ماہ تک کسی کو اپنا چہرہ نہیں دکھایا اور گھر تک محدود رہیں۔ انہوں نے متعلقہ ڈاکٹر سے رابطہ کرکے اپنی شکایت بیان کی، تاہم انہیں تسلی بخش جواب نہیں ملا۔

سینئر اداکارہ کے مطابق بعد ازاں انہوں نے ایک دوسرے ڈاکٹر سے مشورہ کیا، جنہوں نے انہیں بتایا کہ بوٹوکس اپنی مقررہ جگہ سے منتقل ہوگیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے اس تجربے کی روشنی میں کہا کہ ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ علاج کے دوران یا بعد میں کسی مسئلے کا سامنا کرنے والے مریضوں کو مناسب رہنمائی اور اطمینان فراہم کریں تاکہ ان کی پریشانی دور ہوسکے۔

2026-10-30 62
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×