بلوچستان: ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔ یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ بتائی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ کے میناز میں کی گئی، جہاں مبینہ طور پر دہشتگرد دو خواتین کو اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کی کوشش کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔










