اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی کے بانی عمران خان سے حالیہ ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ 15 اکتوبر 2025 کے بعد عمران خان سے نہیں ملے اور اس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے بار بار درخواستوں کے باوجود انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی ملاقات کے لیے کوئی پیشکش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر درخواست کریں گے کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سے ان کے اہل خانہ اور وکلا کو بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے دعویٰ کیا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر عمران خان سے ملاقات کرکے آئے ہیں۔
سلیم مانڈوی والا نے عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بھی غلط قرار دیا۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر کی تردید کے بعد عمران خان سے ملاقات سے متعلق دعووں پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔










