جھنگ: ڈی پی او ساجد حسین نے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو جرائم پر قابو پانے کے لیے واضح اہداف سونپتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ اشتہاری مجرمان، کریمنل گینگز اور منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں نتائج نہ دینے والے افسران سے جواب طلبی اور احتساب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غفلت یا ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ساجد حسین نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں کا مکمل کرائم میپ تیار کریں اور جرائم کے زیادہ واقعات والے علاقوں یعنی کرائم پاکٹس پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے ہدایت کی کہ صرف چھوٹے مقدمات درج کرنے کے بجائے منشیات کی سپلائی چین اور اصل نیٹ ورک تک پہنچنے کی حکمت عملی اختیار کی جائے۔
ڈی پی او جھنگ نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور کریمنل گینگز کے خلاف مؤثر کارروائی میں کسی قسم کی سستی قابل قبول نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش نوجوان نسل کے مستقبل کے دشمن ہیں، اس لیے ان کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ساجد حسین نے ایس ایچ اوز کو مزید ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں جرائم کے محرکات، جرائم پیشہ نیٹ ورکس اور مشکوک سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائیں تاکہ جرائم کی روک تھام کے لیے بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔








