جہلم میں افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود کے لیے تقریب، راشن اور نقد امداد تقسیم
جہلم ضلع جہلم میں افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحق افراد میں راشن باکس اور نقد امداد تقسیم کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی تنظیم نور ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال جہلم میں فلاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر نور ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ نے مستحق افرادِ باہم معذوری میں راشن باکس اور نقد رقم تقسیم کی۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر علیم یوسف اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل ناصر بھی موجود تھے۔
افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود اجتماعی ذمہ داری ہے، ماہم مشتاق
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے نور ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور فلاحی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا، تاکہ مستحق افراد کی مدد اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
(شہزاد بٹ، غلام کبریٰ)








