جہلم : عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر محکمہ تعلیم ضلع جہلم کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کی خدمات کو سراہا گیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ و انتظامی افسران کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق سمیت دیگر افسران اور معززین نے شرکت کی، جبکہ وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کی نمائندگی ان کے بھائی حمزہ اظہر کیانی نے کی۔
تقریب کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور انتظامی افسران میں میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اپنے خطاب میں اساتذہ کو معاشرے اور قوم کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرنے والی شخصیات قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی علمی تربیت، کردار سازی اور بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنے میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عزت و حوصلہ افزائی اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
تقریب چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ضلعی تعلیمی افسران کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف سکولوں کے سربراہان، اساتذہ اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، معیاری تدریس کو فروغ دینے اور طلبہ و طالبات کی مؤثر تربیت میں اہم کردار ادا کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
(شہزاد بٹ، غلام کبریٰ)








