جہلم میں غیر قانونی رکشہ اڈوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم
جہلم : شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، غیر قانونی رکشہ اڈوں کے خاتمے اور تجاوزات کی روک تھام کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی ایس پی ٹریفک، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، چیف آفیسر ضلع کونسل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران جہلم کی اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز اور مصروف مقامات پر ٹریفک کی صورتحال، بے ترتیب پارکنگ، غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور تجاوزات کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں رکشوں کے لیے مخصوص اور منظم اسٹینڈز قائم کرنے، پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات زیر بحث آئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی رکشہ اڈوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے ٹریفک اینڈ پارکنگ مینجمنٹ کے نظام پر مؤثر عمل درآمد اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
سارہ امجد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے سڑکوں پر غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کی جائے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹریفک کے مسائل میں کمی، پارکنگ کے بہتر انتظام اور تجاوزات کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے اقدامات کریں گے۔
(شہزاد بٹ، غلام کبریٰ)








