پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے امکانات ظاہر کیے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق کوہاٹ، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ پاراچنار، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر کے علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بالائی دیر میں سب سے زیادہ 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مالم جبہ میں 23 ملی میٹر اور چترال میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔








