بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی بپھرگیا

SerialKiller

فوٹو: فائل

راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی۔

نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ نالہ لئی کے اطراف رہنے والی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صادق آباد اور ڈھوک الہی بخش کے علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جبکہ مری روڈ اور راول روڈ پر بھی پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا۔ گولڑہ کے علاقے میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث شکرگڑھ کے نالہ بئیں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث درجنوں دیہات کی فصلیں زیر آب آگئیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

2026-08-12 29
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×