راولپنڈی میں خطرناک اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے دوران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب کا سب انسپکٹر عدنان غیور فائرنگ کی زد میں آکر شہید ہوگیا۔
سی سی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر عدنان غیور نے راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں خطرناک اشتہاری ملزم عمر خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اہلکار نے ملزم کو بازار میں تن تنہا قابو کیا اور اسے حراست میں لینے کی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سب انسپکٹر عدنان غیور سے مزاحمت کی اور خود کو چھڑانے کی کوشش کی۔ اسی دوران ملزم نے سیدھی فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر عدنان غیور شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
سی سی ڈی کے مطابق چند روز قبل بھی ملزم عمر خان نے راولپنڈی میں ایک سی سی ڈی اہلکار پر فائرنگ کی تھی، تاہم اس واقعے میں اہلکار محفوظ رہا تھا۔
شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی میت کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم عمر خان ولد عبدالرزاق کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سی سی ڈی پنجاب نے سب انسپکٹر عدنان غیور کی شہادت کو فرض کی ادائیگی کے دوران دی گئی عظیم قربانی قرار دیا ہے۔








