راولپنڈی پولیس کا شہر بھر میں فلیگ مارچ، سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی قیادت
راولپنڈی راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فلیگ مارچ کیا، جس کی قیادت سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کی۔ فلیگ مارچ میں پولیس کے دیگر سینئر افسران سمیت ضلعی و ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ فورس اور دیگر یونٹس نے شرکت کی۔
فلیگ مارچ میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی سکیورٹی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق فلیگ مارچ پولیس لائنز سے شروع ہوا اور عمار چوک، کورال، رحیم آباد، راول روڈ، مری روڈ، فیض آباد، مریڑ چوک، مال روڈ، صدر اور پشاور روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائنز پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرنا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کرکٹ میچ اور امن و امان سے متعلق ڈیوٹیز کے لیے 9 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ راولپنڈی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں، املاک اور جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جبکہ فول پروف سکیورٹی اور قانون کی عمل داری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
(راجہ طیب، اسٹاف رپورٹر)








