کراچی گل رعنا نصرت کمیونٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت جشنِ آزادی شاندار اور پروقار طریقے سے منائی گئی۔ تقریب کے دوران پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانہ پڑھا گیا، شمعیں روشن کی گئیں اور کیک کاٹا گیا۔
پروگرام کا آغاز شگفتہ یاسمین نے تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا، جس کے بعد صدر گل رعنا رشیدہ شبیر نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کو ملی نغموں اور تقاریر سے سجا کر آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کیا گیا۔ گل رعنا سینٹر کی طالبات حوریہ اور مقدس نے پرجوش تقاریر پیش کیں، جبکہ مسعودہ اشرف، رفعت صدیقی، رخسانہ زیدی، رعنا پروین، کشور رحمان، جویریہ، حریم، عریشہ، محراب، مقدس اور حوریہ نے ملی نغمے سنا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ ماہ رخ زبیری نے اپنے خوبصورت اندازِ بیان سے مہمانوں کو ڈائس پر مدعو کیا جہاں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب میں سیاسی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی متعدد نامور شخصیات نے شرکت کی، جن میں سابق ڈپٹی میئر کراچی نسرین جلیل، ایم پی اے عامر صدیقی، ایم پی اے فرح سہیل، اپوا (APWA) کی صدر ڈاکٹر تنویر کمال، نائب صدر صحت اپوا نیر سلطانہ، چیمبر آف کامرس کی درِ شہوار، ایچ بی ایل کی مشتمل اور درخشاں، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر انگلش بسکٹ سعدیہ نوید، ڈاکٹر فاطمہ، فرزانہ عرفان، پروجیکٹ منیجر المصطفیٰ اسپتال ڈاکٹر سارہ احمد، بزنس ومن ہائمہ خان، ہربلیسٹ رانی آپا اور ٹی ایم ایچ کی عائشہ و دیگر شامل تھیں۔ اس موقع پر صدر گل رعنا رشیدہ شبیر نے تمام معزز مہمانوں کو گلدستے اور شیلڈز پیش کیں۔
پروگرام کے اختتام پر نائب صدر گل رعنا نصرت کمیونٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن شائستہ رحمان نے کمیٹی ممبران، سینٹر کے اسٹاف اور ٹیچرز کا تعارف کرایا۔ صدر رشیدہ شبیر نے ایکسکٹرا کی زہرہ سہیل کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور اور نمایاں کردار ادا کیا۔










