کراچی: محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سیکرٹری کالج ایجوکیشن کے سرکاری کالجوں کے دوروں کے موقع پر اجرک، سندھی ٹوپی، گلدستے، یادگاری اشیاء اور دیگر ہر قسم کے تحائف پیش کرنے پر پابندی عائد کردی۔
محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے 6 اگست 2026 کو جاری مراسلے میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور صوبے کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہےکہ سیکرٹری کالج ایجوکیشن کے سرکاری دوروں کے دوران انہیں کسی بھی نوعیت کا تحفہ پیش نہ کیا جائے۔
مراسلے میں بالخصوص اجرک، سندھی ٹوپی اور گلدستوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے علاوہ کوئی یادگاری شیلڈ، سووینئر یا دوسری یادگاری چیز بھی سیکرٹری کو پیش نہیں کی جائے گی۔
محکمہ نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور کالج پرنسپلز کو ان ہدایات پر ان کی روح اور منشا کے مطابق سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ احکامات پر عمل نہ کرنے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔










