سرگودھا: نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید الیکٹرو فزیالوجی کیتھ لیب کا افتتاح کردیا گیا، جہاں جدید طبی پروسیجرز کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے الیکٹرو فزیالوجی کیتھ لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نئی کیتھ لیب کے قیام سے پیچیدہ امراضِ قلب کی تشخیص اور جدید علاج کی سہولت میسر آئے گی۔
میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جدید طبی ٹیکنالوجی اور ماہر ڈاکٹرز کی دستیابی سے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج فراہم کیا جاسکے گا۔
مشیر صحت نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کارڈیک کیئر یونٹ، ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ، ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ہسپتال میں قائم تینوں کیتھ لیبز، آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق نئی الیکٹرو فزیالوجی کیتھ لیب سے مریضوں کو دل کی پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔











