اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کے امور اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے این ڈی ایم اے افسران کے ہمراہ وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع، تیاری اور ہنگامی ردعمل کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر کو این ڈی ایم اے کے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید نظام، قبل از وقت خطرات کی تشخیص، خطرات کے تدارک کے لائحہ عمل، نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی کے اقدامات اور رسک کمیونیکیشن کے مجوزہ نظام پر بھی بریفنگ دی گئی۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے موبائل این ای او سی اور محفوظ تعمیراتی ماڈلز کا بھی دورہ کیا اور آفات سے نمٹنے کے قومی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور قومی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔










