راولپنڈی: سی سی ڈی راولپنڈی میں تعینات شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، جس میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او حسن مشتاق سکھیرا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، آر او سی سی ڈی حسن جہانگیر وٹو، ڈی پی اوز چکوال، اٹک اور مری، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار شریک ہوئے۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید سب انسپکٹر کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کیلئے ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر عدنان غیور سی سی ڈی راولپنڈی میں فرائض انجام دے رہے تھے اور تھانہ چکلالہ کے علاقے میں ایک خطرناک اشتہاری ڈکیت کے خلاف کارروائی کے دوران ملزم کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ شہید نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور پسماندگان میں اہلیہ، بچوں اور والدہ کو سوگوار چھوڑا۔
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء پوری فورس کے محسن ہیں اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں سے عبارت ہے اور ان کی قربانیاں فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ پولیس شہداء کے اہلخانہ کو ہر مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔
آر او سی سی ڈی حسن جہانگیر وٹو نے بھی سب انسپکٹر عدنان غیور کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطرناک ڈکیت کے مقابلے میں شہید افسر نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق عدنان غیور ایک قابل، محنتی اور فرض شناس افسر تھے جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پولیس افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید عدنان غیور کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی








