بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

صدر آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے سبکدوش سفیر کی الوداعی ملاقات

SerialKiller

صدر آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے سبکدوش سفیر کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سفیر خضر فرہادوف کی خدمات کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو ایک قابلِ اعتماد برادر ملک اور اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت سے انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی مستقل حمایت پر قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

صدر زرداری نے جولائی 2024 میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے تاریخی دورۂ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سبکدوش سفیر کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان پارلیمانی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ وژن کو تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، موسمیاتی تعاون، سیاحت اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں عملی نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے خضر فرہادوف کو اسلام آباد میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سبکدوش سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان ان کی پہلی سفارتی تعیناتی تھا اور ہمیشہ ان کی پہلی محبت رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملائیشیا میں اپنی نئی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران آذربائیجان کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بھی نمائندگی کریں گے۔

ملاقات میں سفیر کی اہلیہ ترانہ فرہادووا بھی موجود تھیں، جنہوں نے صدر آصف علی زرداری کو ایک تصویری کتاب پیش کی۔ کتاب میں پاکستان میں ان کے پانچ سالہ قیام کی یادگار تصاویر اور مختلف جھلکیاں شامل ہیں۔

2026-08-08 40
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×