اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی۔ مجموعی طور پر 355 شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں مختلف اعزازات سے نوازا جائے گا۔
سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ، یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی، جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو اعزازات دیے جائیں گے۔
اعزاز حاصل کرنے والی نمایاں شخصیات میں گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم شامل ہیں، جنہیں ستارۂ امتیاز دیا جائے گا۔ اداکارہ غزالہ کیفی، ثانیہ سعید، ماریہ واسطی اور گلوکار ذوہیب حسن کو تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا جائے گا، جبکہ گلوکار شیراز اُپل کے لیے تمغۂ امتیاز کی منظوری دی گئی ہے۔
کھیلوں کے شعبے میں شوٹر کشمالہ طلعت اور سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو تمغۂ حسنِ کارکردگی دیا جائے گا۔
حکومتی شخصیات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزرا احد چیمہ اور محمد اورنگزیب جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو نشانِ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
سرکاری خدمات کے شعبے میں ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور سیکریٹری تجارت جواد پال کو ستارۂ امتیاز دیا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو تمغۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
آزاد کشمیر میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والی زوبیہ خورشید راجہ کو تمغۂ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ زوبیہ خورشید راجہ نے شرپسند عناصر کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک زخمی پولیس اہلکار کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر محفوظ مقام تک پہنچایا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا کو ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا، جبکہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے لیے بھی ستارۂ شجاعت کی منظوری دی گئی ہے۔
صحت اور انتظامی خدمات کے شعبے میں سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارۂ امتیاز جبکہ ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا۔
صحافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا، جبکہ عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا۔
قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبوکو کو بعد از مرگ نشانِ قائداعظم سے نوازا جائے گا۔
غیر ملکی شخصیات میں سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلالِ پاکستان جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاشار گولر اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارۂ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اور ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کو تمغۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
صدر مملکت کی جانب سے سول ایوارڈز کی منظوری مختلف شعبوں میں نمایاں قومی و بین الاقوامی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی کارکردگی کے اعتراف کے طور پر دی گئی ہے۔










