اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ادارہ فروغِ قومی زبان کے درمیان قومی زبان اردو کے فروغ، تحقیق، تدریس اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔اس اشتراک کا مقصد اردو زبان کی ترویج، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کا آغاز، تعلیمی اشاعتوں اور تحقیقی رپورٹوں کا تبادلہ، باہمی اتفاق سے طے شدہ دیگر علمی سرگرمیوں کا انعقاد، نیز تحقیق اور کمیونٹی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے دونوں اداروں کی صلاحیتوں سے مشترکہ استفادہ کرنا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود جبکہ ادارہ فروغِ قومی زبان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر مظہر سلیم نے دستخط کیے۔اس موقع پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ قومی زبان کے فروغ کے لیے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس شراکت داری سے اردو زبان کی تدریس، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی جبکہ طلبہ، اساتذہ اور محققین کو مزید بہتر تعلیمی و تحقیقی مواقع میسر آئیں گے۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان، پروفیسر ڈاکٹر مظہر سلیم نے کہا کہ یہ اشتراک قومی زبان کے فروغ اور نفاذ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشیں اردو زبان کے علمی و تحقیقی سرمایہ میں اضافے اور اس کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں ادارہ فروغِ قومی زبان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر راشد حمید اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز اور پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔










