ملتان: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2026 کے داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے، جس کے بعد طلبہ و طالبات 24 اگست 2026 تک مختلف تعلیمی پروگرامز میں داخلہ لے سکیں گے۔
ریجنل ڈائریکٹر ملتان غلام حسین کھوسہ کے مطابق خزاں 2026 کے لیے متعدد پروگرامز میں داخلے جاری ہیں، جن میں میٹرک سائنس، جنرل، درس نظامی، اوپن کورسز، چھ ماہ کے سرٹیفکیٹ و ڈپلومہ، ایف ایس سی پری میڈیکل، ایف ایس سی پری انجینئرنگ، آئی کام، ایف اے جنرل، ایف اے درس نظامی، ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس، ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس، بی ایڈ، بی ایس، بی بی اے اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میٹرک، ایف اے، آئی کام، ایف ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایڈ پروگرامز میں طلبہ و طالبات آن لائن یا داخلہ فارم کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ دیگر پروگرامز کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانا ہوگی۔
ملتان میں مفت آن لائن داخلے کی سہولت
طلبہ کی سہولت کے لیے ریجنل کیمپس شاہ رکن عالم کالونی، ملتان میں فرنٹ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں طلبہ کو مفت آن لائن داخلہ اپلائی کروانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
غلام حسین کھوسہ کے مطابق داخلہ فیس مختلف بینکوں کی برانچز کے علاوہ جاز کیش، ایزی پیسہ اور یو پیسہ کے ذریعے بھی جمع کرائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ داخلے سے متعلق تفصیلات اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کریں اور مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔








