بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

فارماسیوٹیکل شعبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، ہارون اختر خان

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، جبکہ فارماسیوٹیکل صنعت کو درپیش مسائل حکومتی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

ہارون اختر خان نے ان خیالات کا اظہار اڑان پاکستان کے تحت فارماسیوٹیکل برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان ملکی معیشت کے تمام اہم شعبوں کا احاطہ کرتا ہے اور اس کے فریم ورک کے تحت ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مربوط انداز میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل، بالخصوص برآمدات میں اضافے سے متعلق چیلنجز، اڑان پاکستان کے فریم ورک کے تحت حل کرنا ہوں گے۔

فارماسیوٹیکل برآمدات میں اضافے کی بڑی گنجائش

ہارون اختر خان نے کہا کہ فارماسیوٹیکل شعبہ ملکی برآمدات میں نمایاں اضافے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت اور صنعت کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ منصوبہ بندی ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار ملک میں صنعتی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

صنعت کو سازگار ماحول فراہم کرنے کا عزم

وزیراعظم کے مشیر نے یقین دہانی کرائی کہ فارماسیوٹیکل صنعت کو درپیش تمام مسائل اور رکاوٹوں کا جائزہ لے کر انہیں جلد از جلد حکومتی سطح پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کی تجاویز کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جائے گی۔

ہارون اختر خان کے مطابق حکومت کا مقصد صنعتی شعبے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارماسیوٹیکل صنعت میں برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں مؤثر پالیسی، سہولت کاری اور حکومت و نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے عملی طور پر بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔

2026-08-13 31
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×