لاہور: تھانہ ٹاؤن شپ میں پولیس حراست کے دوران دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے کی جوڈیشل انکوائری مکمل کرلی گئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 176 کے تحت دونوں خواتین کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری مکمل کرکے رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جمع کرا دی۔
رپورٹ کے مطابق خواتین پر تشدد کے شواہد نہیں ملے، جبکہ دونوں خواتین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی موت کی حتمی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم اور فارنزک رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔
دونوں خواتین کی ٹاؤن شپ تھانے منتقلی سے کچھ دیر قبل کی ایک ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دونوں خواتین بی بلاک ٹاؤن شپ میں واقع اس گھر کے باہر کھڑی نظر آ رہی ہیں جہاں ان پر چوری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق خواتین کی موبائل ویڈیو کو تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے، جبکہ فارنزک اور تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹس سامنے آنے کے بعد مزید حقائق واضح ہوں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی نتائج متعلقہ رپورٹس موصول ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔










