بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

لاہور: داتا دربار کے 983ویں عرس اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان، 8,700 سے زائد اہلکار تعینات

SerialKiller

فوٹو: فائل

لاہور: ضلعی انتظامیہ لاہور نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے پرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈی سی آفس میں قائم خصوصی ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہیں سکیورٹی، ٹریفک، صفائی، طبی سہولیات اور مانیٹرنگ کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی سی لاہور کے مطابق عرس مبارک کے لیے 15 ٹربل پوائنٹس جبکہ چہلم کے 5 حساس مقامات کی نشاندہی کر کے انہیں مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے داتا دربار کے اطراف 44 اور چہلم کے جلوسوں کے روٹس پر 196 جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 8 ہزار 700 سے زائد پولیس اہلکار اور 450 سول ڈیفنس رضاکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں تاکہ زائرین اور عزاداران کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

زائرین کی سہولت کے لیے سنٹرل ماڈل سکول، ریٹیگن روڈ، سول لائنز کالج سمیت 5 مقامات پر پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ داتا دربار کے باہر دودھ کی سبیل کے لیے بھی مخصوص جگہ مختص کی گئی ہے۔

طبی سہولیات کے تحت گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول میں 25 بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کے 200 اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور عرس مبارک و چہلم کے دوران زائرین اور عزاداران کو بہترین سہولیات اور فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات کی براہِ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔

2026-08-05 20
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×