راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے انتظامیہ کو تاجروں کے کاروبار بلاجواز بند کرانے سے روک دیا۔
راولپنڈی میں کاروبار کی مبینہ بندش کے خلاف تاجر برادری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر راستے بند ہوں گے تو کاروبار کیسے چلیں گے؟ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر کاروبار بند کرانے کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو تاجروں کو سبسڈی دی جانی چاہیے۔
دورانِ سماعت ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اپنی رپورٹس عدالت میں جمع کرائیں۔ انتظامیہ نے کاروبار بلاجواز بند کرانے سے لاتعلقی کا اظہار کیا، جبکہ پولیس کا مؤقف تھا کہ تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جاتا بلکہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جاتا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے تاجروں کی درخواست نمٹا دی اور ہدایت کی کہ اگر آئندہ بلاجواز طور پر کاروبار بند کرایا جائے تو متاثرہ تاجر عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
2026-09-29 34








