لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر 264 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ تحریر کیا۔
عدالت نے ماحولیاتی اور آبی تحفظ کو حکومتی فیصلہ سازی کا بنیادی حصہ بنانے کی تجویز دیتے ہوئے قرار دیا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے بنیادی، آئینی اور قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ماحولیاتی بحران جیسے پیچیدہ مسئلے کا حل صرف ایک حکم یا فیصلے سے ممکن نہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبے ماحول اور قدرتی وسائل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا کر مکمل نہیں کیے جاسکتے۔
لاہور کینال کے درخت نہیں کاٹے جائیں گے
لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کینال کے درختوں کے تحفظ سے متعلق اپنا اہم حکم برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ یلو لائن منصوبے کے لیے کسی درخت کی کٹائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عدالت نے قرار دیا کہ یلو لائن منصوبہ تاحال منصوبہ بندی اور فزیبلٹی کے مرحلے میں ہے اور اس کا حتمی فزیبلٹی پلان یا پی سی ون تاحال منظور نہیں ہوا۔
ماحولیاتی تحفظ کے لیے سول ایوارڈز کی سفارش
فیصلے میں واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن کے ارکان کی ماحولیاتی تحفظ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں سول ایوارڈز دینے کی سفارش بھی کی گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ ماحولیاتی معاملات میں مسلسل عدالتی نگرانی اور حکومت سے عملدرآمد رپورٹس طلب کرنا مؤثر ثابت ہوا۔
بارش کا پانی محفوظ کرنے کے منصوبے
عدالت نے گزشتہ آٹھ برس کے دوران پانی، ہوا، درختوں، زمین اور شہری ماحول کے تحفظ کے لیے کیے گئے عدالتی اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
فیصلے کے مطابق لاہور میں وضو کے پانی کو محفوظ کرکے پارکس کی آبپاشی کے لیے استعمال کرنے کا نظام متعارف کرایا گیا، جبکہ بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے متعدد زیرزمین ٹینکس بھی تعمیر کیے گئے۔
گڑھی شاہو، شیرانوالہ گیٹ، لارنس روڈ اور قذافی اسٹیڈیم میں بارش کا پانی محفوظ کرنے کے منصوبے مکمل کیے گئے۔ قذافی اسٹیڈیم میں زیرزمین ٹینک کی گنجائش 40 لاکھ گیلن ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی اقدامات کے نتیجے میں لاہور کا زیرزمین پانی گزشتہ پانچ سال کے دوران مزید تنزلی کا شکار نہیں ہوا۔
نئے بلڈنگ پلان میں رین واٹر ہارویسٹنگ لازمی قرار دی گئی جبکہ ایک کنال یا اس سے بڑے گھروں میں گرے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب بھی لازم کی گئی۔
لاہور کی فضائی آلودگی میں گاڑیوں کا بڑا حصہ
فضائی آلودگی اور سموگ کے حوالے سے عدالت نے قرار دیا کہ لاہور کی مقامی فضائی آلودگی میں گاڑیوں کا حصہ تقریباً 83 فیصد ہے۔
فیصلے کے مطابق پنجاب کے تمام اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں درختوں کے تحفظ کو لازم قرار دیا گیا۔
درختوں کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے گئے، جبکہ لاہور میں 52 میاواکی اربن فاریسٹ قائم کیے جاچکے ہیں۔
عدالت کے مطابق ان شہری جنگلات نے لاہور کے گرین کور اور ماحولیاتی معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پلاسٹک بیگز پر پابندی، خلاف ورزی پر جرمانے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف پابندی پر عملدرآمد تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والی دکانیں سیل کرنے اور 5 ہزار سے 20 ہزار روپے تک جرمانے کی کارروائی کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے سموگ کو پنجاب میں آفت قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا پابند کیا۔
ماسٹر پلان 2050 بھی فیصلے میں زیرِ بحث
لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کے حوالے سے عدالت نے قرار دیا کہ ماسٹر پلان 2050 کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر پہلے ہی کالعدم قرار دیا جاچکا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے شہری ہارون فاروق کی ماحولیاتی آلودگی سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیے گئے عدالتی اقدامات جاری رکھنے اور حکومتی سطح پر ماحول کے تحفظ کو فیصلہ سازی کا بنیادی حصہ بنانے پر زور دیا۔
عدالت نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی انسانوں کی پیدا کردہ عالمی تباہی ہے اور فوری اقدامات نہ کیے گئے تو تہذیب اور قدرتی دنیا کے وجود کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے










