تہران: وفاقی وزیر داخلہ و نائب وزیراعظم محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی اور اہم پیغام پہنچایا۔
ذرائع ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بارے میں بریفنگ دی اور معاہدے کے حوالے سے ایرانی قیادت کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خلیجی ممالک، ایران اور امریکا کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور خطے میں امن کے لیے مذاکراتی کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں، جبکہ محسن نقوی ان کوششوں میں معاونت کر رہے ہیں۔
ملاقات کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ باہمی مفادات کے ساتھ ساتھ علاقائی سکیورٹی اور استحکام کو بھی مضبوط کرے گا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی کو قابل قدر قرار دیا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور مشترکہ تعاون کے لیے راہ ہموار کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور نہ ٹوٹنے والے ہیں۔ ان کے مطابق تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید بڑھانے کے لیے اسلام آباد انتہائی سنجیدہ عزم کے ساتھ اقدامات کر رہا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔










