بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

مریم نواز سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد کی ملاقات، تعلیمی معیار بہتر بنانے پر تعاون کا فیصلہ

SerialKiller

فوٹو فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی اداروں میں جدید نصاب کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے پنجاب میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا اور نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وفد نے پنجاب میں فروغِ تعلیم کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور تعاون کی پیشکش کی، جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام کی پیشکش

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے پنجاب کے اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈز اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی۔

وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کا معیار حیران کن حد تک اعلیٰ ہے۔ وفد نے سکول میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ تعلیم بہتر بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔

سرکاری اسکولوں پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے: مریم نواز

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے عوام کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کی پریشانی بھی وہ دل سے محسوس کرتی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب لوگ سرکاری اسکولوں میں داخلوں کے لیے کوشاں نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلے کے لیے ہزاروں طلبہ کی جانب سے انٹری ٹیسٹ میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

عالمی معیار کی تعلیم حکومت کی ترجیح ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے ساتھ تعاون سے اساتذہ کی تربیت، تدریسی معیار اور طلبہ کے لیے جدید تعلیمی مواقع میں مزید بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نجی اور عالمی سطح کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پنجاب کے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے گا۔

2026-08-10 33
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×