بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

مریم نواز سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، تعلیم، سکیورٹی اور سرمایہ کاری پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

SerialKiller

فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں تعلیم کے فروغ، سکیورٹی، سرمایہ کاری، توانائی، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سکیورٹی، اے آئی، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد کاروباری اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبوں کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان، بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ بہت پسند ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب اور لاہور کے لوگ زندہ دل ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ترقی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نئی پالیسیاں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریباً 10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون کے دوران پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واساز کے قیام سے بارشی پانی کے جلد نکاس کو ممکن بنایا گیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب بدل رہا ہے اور صوبے کے شہر اور دیہات ری فارم ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل کو محض علامتی رکھنے کے بجائے عملی شکل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک سکوٹی اور الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

2026-08-12 16
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×