بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

مری روڈ پر موٹر سائیکل سوار گاڑی کے بونٹ پر، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کا ایکشن

SerialKiller

فوٹو: فائل

راولپنڈی: مری روڈ پر ٹریفک حادثے کے بعد پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جس میں ایک موٹر سائیکل سوار مبینہ طور پر ایک گاڑی کے بونٹ پر بیٹھا دکھائی دیتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثے کے دوران موٹر سائیکل سوار گاڑی کے بونٹ پر جاگرا، تاہم گاڑی رکنے کے بجائے کچھ فاصلے تک چلتی رہی۔ اسی دوران متاثرہ موٹر سائیکل بھی گاڑی کے نیچے پھنسی ہوئی نظر آتی ہے۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مری روڈ پر نصب سیف سٹی کیمروں کی نگرانی اور واقعے کے دوران ان کے کردار سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی شب تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدا میں مری روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان حادثہ ہوا، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

پولیس کے مطابق صورتحال کے دوران ایک گاڑی کا مالک دوسری گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گیا اور ڈرائیور کو گاڑی روکنے کی کوشش کرتا رہا۔ اسی دوران گاڑی آگے بڑھنے کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل بھی اس کی زد میں آگئی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کے مالکان کو تھانے منتقل کیا گیا تھا، جہاں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے کا دوبارہ نوٹس لیا گیا ہے اور پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

2026-09-28 23
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×