بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

ملتان میں یتیم بچے کو گاڑی سے کچلنے کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

SerialKiller

ملتان میں یتیم بچے وسیم عباس کو کچلنے کا ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

بہاولپور: ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے کا ملزم توقیر نذیر بہاولپور میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم واقعے کے بعد گرفتار ہوا تھا، تاہم ریمانڈ کے دوران فرار ہوگیا تھا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق ملزم توقیر نذیر نے پیر کے روز ملتان میں کار کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول یتیم بچہ ملزم کے مبینہ ناروا رویے سے تنگ آکر اس کے پاس کام جاری نہیں رکھنا چاہتا تھا۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔ تاہم، پولیس کے مطابق ملزم دورانِ ریمانڈ فرار ہوگیا تھا۔

عرفان اکبر کے مطابق بہاولپور کے ناردرن بائی پاس پر پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ ان کے بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

واضح رہے کہ ملزم کی عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلا کی جانب سے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ وسیم عباس کی ہلاکت کے واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اور واقعے سے متعلق دیگر تفصیلات کی سرکاری تصدیق اہم ہوگی۔

2026-10-21 60
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×