اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صوبوں کے حقوق کی بات ہو تو سب کی عزت اور غیرت جاگ جاتی ہے، لیکن جب بچے گٹروں میں گرتے ہیں تو کسی کی غیرت کیوں نہیں جاگتی؟
پاکستان فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح دی۔ ان کے مطابق پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سربراہی میں دشمن کو 6 دنوں میں شکست دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا نے یہ سوچ لیا ہے کہ دفاع کے اعتبار سے پاکستان سے بہتر دوست کوئی نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے تیسری عالمی جنگ سے دنیا کو بچایا۔
مصطفیٰ کمال نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق ہر سال 8 ہزار 884 ارب روپے صوبوں میں تقسیم کرتا ہے، اتنی بڑی رقم چار وزرائے اعلیٰ کو مل جاتی ہے، لیکن فنڈز یونین کونسلز (یوسیز) تک پہنچانے کا مؤثر نظام موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کئی ممالک سے بڑے ہیں، جبکہ سندھ 165 ممالک سے بڑا اور بلوچستان 180 ممالک کے رقبوں سے بڑا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انتظامی نظام کو بہتر بنانے اور عوام تک وسائل کی مؤثر رسائی یقینی بنانے کے لیے نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔










