بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ، روشن مستقبل کے معمار ہیں: صدر مملکت اور وزیراعظم

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی اہم خواہشات ہیں، جبکہ نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کو فروغ دینا ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار اپناتے ہوئے قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال نوجوانوں کا عالمی دن ’’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزارنے کے باوجود روشن مستقبل کے یکساں خواب اور خواہشات رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔

شہباز شریف کے مطابق حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں، کیونکہ نوجوانوں کی ترقی ہی پاکستان کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔

2026-08-12 56
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×