بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

نیلم ویلی کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید آئی ٹی skills کی تربیت دینے کا معاہدہ

SerialKiller

فوٹو: فائل

مظفرآباد (پی آئی ڈی): نیلم ویلی کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور انہیں فری لانسنگ و آن لائن کاروبار کے قابل بنانے کے لیے ایس سی او، اے جے کے ٹیوٹا اور BERD فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب مظفرآباد میں ایس سی او ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جس میں اے جے کے ٹیوٹا کی جانب سے چیئرمین ایکس آفیشو سیکرٹری اے جے کے ٹیوٹا مرزا عامر محمود، سیکرٹری و چیف آپریٹنگ آفیسر مرزا ارشد محمود جرال، ڈائریکٹر جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ اینڈ پروسیسنگ سینٹر عمران ظفر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن محمد سعید خان شریک ہوئے، جبکہ ایس سی او اور BERD فاؤنڈیشن کے حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔

معاہدے کے تحت ابتدائی مرحلے میں ضلع نیلم کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں کے مطابق مختلف آئی ٹی شعبوں میں باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیتی پروگرام میں ڈیجیٹل و آن لائن مارکیٹنگ، فری لانسنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، سوشل میڈیا مینجمنٹ، کنٹینٹ رائٹنگ، ای کامرس، آن لائن بزنس اور ویب سائٹ ڈویلپمنٹ سمیت دیگر اہم کورسز شامل ہوں گے۔

اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں اور خواتین کو ایسی عملی اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے وہ مقامی سطح پر روزگار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین الاقوامی آن لائن مارکیٹ میں بھی اپنی خدمات پیش کرسکیں۔

تربیت مکمل کرنے والے افراد فری لانسنگ پلیٹ فارمز، ای کامرس اور دیگر آن لائن ذرائع سے آمدن کے مواقع پیدا کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔ اس اقدام سے بالخصوص دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو روایتی روزگار کے محدود مواقع کے ساتھ گھر بیٹھے آن لائن کام کرنے کی سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت تینوں ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے تربیتی پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے باہمی تعاون کریں گے۔ شراکت داری کے ذریعے نیلم ویلی کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے پر توجہ دی جائے گی۔

خواتین کے لیے بھی گھر سے کام کرنے، فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ نوجوانوں کو اپنی ڈیجیٹل صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن روزگار کے مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل مہارتوں کی فراہمی سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے راستے کھولنے میں مدد مل سکتی ہے۔

2026-09-29 47
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×