مردان: ویمن یونیورسٹی مردان میں یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور اساتذہ کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے ہمراہ یومِ اساتذہ کا کیک بھی کاٹا۔
وائس چانسلر نے تقریب کے انعقاد اور اساتذہ کے لیے محبت و احترام کے اظہار پر طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور طلبہ کی علمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور کردار سازی میں بھی بنیادی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔
انہوں نے طلبہ کی جانب سے اساتذہ کے لیے احترام اور قدر دانی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ استاد اور طالب علم کا مضبوط تعلق تعلیمی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
تقریب میں انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (IER) کی سربراہ ڈاکٹر فرح خان، بخشیالی کیمپس کے کیمپس کوآرڈینیٹر کامران خان، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔
یومِ اساتذہ کی اس تقریب نے اساتذہ اور طلبہ کے درمیان باہمی احترام، محبت اور قدر شناسی کے جذبے کو مزید اجاگر کیا۔








