ٹانک: وزیرآباد بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو راہ گیر زخمی ہوئے۔
ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ وزیرآباد بازار میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے ٹریفک پولیس کی موبائل پر اچانک حملہ کیا۔ فائرنگ کے وقت گاڑی میں موجود تین اہلکار جانبر نہ ہوسکے۔
ڈی پی او کے مطابق حملے کے بعد ملزمان ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے، جسے بعد میں گرہ بڈھا کے علاقے سے برآمد کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر دو شہری بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او عبدالصمد خان کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور تمام اہم شاہراہوں سمیت پیدل گزرگاہوں پر ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں اے ایس آئی عصمت اللہ بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائی جاری ہے۔








