میلبرن: ٹیسٹ کرکٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ مکمل ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے تین سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو تاریخی تقریبات میں شرکت کی دعوت دے دی۔
ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک خصوصی تاریخی ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ مقابلہ آئندہ سال 11 سے 15 مارچ تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اس یادگار موقع کو منانے کے لیے مختلف تقریبات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جن میں دنیا بھر سے کرکٹ کی نامور شخصیات اور سابق کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی اس خصوصی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مختلف ممالک کے سابق کپتانوں اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو بھی تقریب میں مدعو کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سابق اور سینئر کھلاڑی بھی اس تاریخی اجتماع کا حصہ بنیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سالگرہ کی تقریبات کے دوران خصوصی پروگرامز منعقد کرنے کے ساتھ یادگاری سووینئرز بھی تیار کیے جا رہے ہیں، تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ کو منفرد انداز میں یادگار بنایا جاسکے۔










