بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

پاک چین دوستی لازوال بھائی چارے کا تعلق ہے، یوسف رضا گیلانی

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دیرپا اور لازوال بھائی چارے کے تعلق پر مبنی ہے، جو باہمی اعتماد، احترام اور غیر متزلزل حمایت سے مضبوط ہوئی ہے۔ پاک چین دوستی کو پاکستان بھر میں وسیع سیاسی حمایت حاصل ہے اور یہ قومی اتفاقِ رائے کی عکاس ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی برادر اور ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے والے تزویراتی شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات روایتی سفارتی روابط سے آگے بڑھ کر جامع شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

سیمینار میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے اور پارٹی بلڈنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے دورہ پاکستان پر آئے ہوئے وفد، پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

صدر مملکت کا خصوصی پیغام

سیمینار کے آغاز پر چیئرمین سینیٹ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پیش کیا۔

صدر مملکت نے چینی وفد اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک اور عوام کے باہمی مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اس طرح کے تبادلے ترقی، طرز حکمرانی اور ریاستی انتظام کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔

صدر مملکت نے چین کی ترقی اور خوشحالی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی تجربہ ادارہ جاتی استعداد کار اور طرز حکمرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قابل قدر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

سیاسی و پارلیمانی روابط بڑھانے پر زور

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے مسلسل سیاسی، پارلیمانی اور ادارہ جاتی روابط ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں قومی پالیسیوں اور دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کے تسلسل اور پائیداری کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

چین کی غیر معمولی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چینی تجربہ ترقی پذیر ممالک کے لیے بالخصوص طرز حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام، معاشی ترقی، غربت کے خاتمے، انسانی وسائل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قابل قدر اسباق فراہم کرتا ہے۔

ون چائنا پالیسی کے عزم کا اعادہ

چیئرمین سینیٹ نے ون چائنا پالیسی کے اصول کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے اور پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔

چینی وفد کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

قبل ازیں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے آرگنائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے پارٹی بلڈنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے فرسٹ لیول انسپکٹر لیو ڈاشیو کی قیادت میں چینی وفد نے چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔

یوسف رضا گیلانی نے چینی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں و اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور تبادلے خوش آئند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعتی سطح پر روابط سیاسی جماعتوں کی ترقی، طرز حکمرانی اور ریاستی انتظام کے شعبوں میں مکالمے، باہمی سیکھنے اور تجربات کے تبادلے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے سابق دورِ وزارتِ عظمیٰ کے دوران چین کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی مفید ثابت ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ان دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

2026-08-13 34
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×