اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپوزیشن کو باضابطہ طور پر دعوت دے دی ہے، جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے اپنی جماعت کی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے مشاورت کے بعد حتمی جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔ تاہم اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں شرکت کے امکان کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے وفد نے چند گھنٹوں کے دوران محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے دوسری مرتبہ ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابات میں شفافیت کو مؤثر بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ کمیٹی 2024 کے عام انتخابات، ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے معاملات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی انتخابی بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات تجویز کرے گی۔
کمیٹی کی جانب سے شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی، تاکہ انتخابی نظام میں بہتری لائی جا سکے۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے حتمی جواب دینے سے قبل مشاورت کے لیے وقت طلب کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن کی جانب سے مثبت جواب موصول ہوگا۔










