اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت راولپنڈی مال روڈ واقعے سے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی، ہلاک ملزم خیبر پختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور تحریک انصاف کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرتا رہا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر گزشتہ روز افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے کارکن نے مبینہ طور پر بغیر کسی خوف کے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورس کا اہلکار زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو بارہا کہا گیا کہ نفرت، انتشار اور تشدد کی سیاست سے گریز کیا جائے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت و انتشار نہ بھرا جائے۔ ان کے مطابق نفرت اور انتشار کی سیاست کے باعث 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات پیش آئے اور اسی ماحول میں راولپنڈی کا واقعہ بھی پیش آیا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ ملزم کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا یا اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ اگر اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا تو اس نے اپنے گھر والوں یا پارٹی کے کسی رہنما پر حملہ کیوں نہیں کیا؟
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ کارکن خیبر پختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور پارٹی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرتا رہا۔ ان کے مطابق ملزم اپنے ساتھ پارٹی کا جھنڈا رکھتا تھا جبکہ سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں وہ فورسز پر حملے کرتا دکھائی دیتا ہے۔
طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی نے ایسے کارکن کو مظاہروں میں فرنٹ لائن پر کیوں رکھا؟ ان کا کہنا تھا کہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی سیاست کسی بھی صورت عوام یا صوبے کے مفاد میں نہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی کھیل کھیلا جائے گا اور جب کارکنوں کے ذہنوں میں نفرت اور اشتعال بھرا جائے گا تو ایسے واقعات دوبارہ جنم لیں گے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بیانات اور تقریروں کے ذریعے عوام کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پیدا کیا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں اور شہید ہونے والوں کی تضحیک ناقابل قبول ہے، جبکہ بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں شہدا کی توہین کی جاتی ہے۔
طلال چوہدری کے مطابق راولپنڈی واقعے کی تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں اور شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں، جن کے نتائج بھی سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دے گی اور کسی بھی حملے کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔










