ڈپٹی کمشنر جہلم کی معیاری تعلیم پر زور، تدریسی سرگرمیوں اور سہولیات کا معائنہ
جہلم ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی ماحول، تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعلیمی معیار کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد سکول کے تعلیمی اور انتظامی امور کا معائنہ کرنا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔
اس موقع پر سکول کی پرنسپل حمیرا راجہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو ادارے کے تعلیمی معیار، تدریسی سرگرمیوں، انتظامی معاملات اور طلبہ کو دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور انتظامی امور کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانے، سکول میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں بہتری کے لیے تدریسی سرگرمیوں اور دستیاب سہولیات کا مسلسل جائزہ لیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آسکیں۔
(شہزاد بٹ)








