اسلام آباد: تھانہ کرال کی حدود میں توت اسٹاپ کے قریب فیض آباد ہائی وے سے ایک بوری میں بند نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق لاش کو رضائی میں لپیٹ کر رسیوں کی مدد سے باندھا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس افسران موقع پر پہنچے اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جس کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے قانونی اور دیگر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر فارنزک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی طور پر پولیس کا امکان ہے کہ نامعلوم افراد لاش کو کسی دوسرے مقام سے لا کر ہائی وے کے قریب پھینک گئے، تاہم اس حوالے سے حتمی رائے مزید تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
پولیس کے مطابق لاش کی شناخت، واقعے کے محرکات اور اس میں ملوث افراد کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔








