بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا آغاز، 150 سے زائد ممالک کے فنکار شریک ہوں گے

SerialKiller

آرٹس کونسل کراچی کا عالمی ثقافتی میلہ 22 نومبر تک جاری رہے گا

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جس میں دنیا بھر کے فنکار اپنی ثقافت، فن اور تخلیقی صلاحیتوں کو پیش کریں گے۔ یہ عالمی ثقافتی میلہ 29 اکتوبر سے شروع ہوکر 22 نومبر تک جاری رہے گا۔

منتظمین کے مطابق اس سال فیسٹیول میں 150 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زیادہ غیر ملکی فنکاروں جبکہ 500 سے زائد پاکستانی فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔ پروگرام میں موسیقی، تھیٹر، رقص، فلم اور بصری فنون کے مختلف مظاہرے شامل کیے گئے ہیں۔

آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ رواں سال فیسٹیول کی تقریباً 90 فیصد پرفارمنسز نئی ہوں گی، جبکہ گزشتہ برس کی 10 سے 15 فیصد پسندیدہ پرفارمنسز بھی دوبارہ پیش کی جائیں گی۔

فیسٹیول کی نمایاں سرگرمیوں میں فلسطینی فنکاروں کی کہانیوں کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ فلسطینی تھیٹر ڈائریکٹر اور اداکار احمد الطوباسی کا ڈراما ’اینڈ ہیئر آئی ایم‘ 2 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔ یہ ڈراما ان کی ذاتی زندگی، جنین کے پناہ گزین کیمپ میں گزارے گئے وقت، قید کے تجربات اور تھیٹر کی دنیا تک پہنچنے کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔

فیسٹیول میں امریکہ، ایران، عراق، فلسطین، لاطینی امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر، الجزائر، مراکش، ترکیہ اور مصر سمیت متعدد ممالک کے فنکار شرکت کریں گے۔

بصری فنون کے شائقین کے لیے ’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘ کے نام سے خصوصی نمائش بھی منعقد کی جارہی ہے، جس میں بنگلہ دیش، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ایران اور ایتھوپیا کے فنکاروں کے فن پارے پیش کیے جائیں گے۔ اس نمائش میں سویڈن کی میورل آرٹسٹ ڈومی فورسٹ اور سنگاپور کے فنکار یپ ییو چونگ کا کام بھی شامل ہوگا۔

فیسٹیول کا افتتاح 29 اکتوبر کو حمزہ اکرم قوال اینڈ برادرز کی قوالی نائٹ اور ہپ ہاپ ڈانس پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔ 30 اکتوبر سے 2 نومبر تک احمد پرویز آرٹ گیلری میں ’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘ کے عنوان سے نمائش جاری رہے گی۔

اسی طرح 31 اکتوبر کو ’دی اوورکوٹ‘ سمیت مختلف تھیٹر پرفارمنسز پیش کی جائیں گی، جبکہ 2 نومبر کو احمد الطوباسی کا خصوصی ڈراما شائقین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

آرٹس کونسل کے مطابق فیسٹیول کے بیشتر پروگرام شہریوں کے لیے مفت رکھے گئے ہیں، تاہم ان میں شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن کروانا ضروری ہوگا۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کی اختتامی تقریب 22 نومبر کو منعقد ہوگی، جس میں معروف پاکستانی گلوکار سجاد علی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

2026-10-30 75
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×