بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

کراچی میں 8 ایکڑ سرکاری زمین واگزار، قبضہ مافیا کے 10 سے زائد افراد گرفتار

SerialKiller

فوٹو: فائل

کراچی: گلزارِ ہجری اسکیم 33 میں سچل تھانے کی حدود سیکٹر 17-B میں 8 ایکڑ سرکاری زمین سے قبضہ ختم کرانے کے لیے جانے والی اینٹی انکروچمنٹ فورس اور ریونیو حکام کی ٹیم پر مبینہ طور پر قبضہ مافیا کے افراد نے فائرنگ کردی، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

واقعے کے بعد ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک اور ایس ایچ او سچل سید ولایت حسین شاہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اہلکاروں نے قبضہ کی گئی زمین کے گرد تعمیر کی گئی دیوار کے اندر داخل ہوکر کارروائی کی اور لینڈ مافیا سے تعلق رکھنے والے 10 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

مختیارکار اسکیم 33 محمد اسلم، اسسٹنٹ مختیارکار ارباب مزاری اور اینٹی انکروچمنٹ فورس کے ایس ایچ او احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری زمین پر قابض افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دیوار کے اندر موجود افراد کو گرفتار کیا۔

حکام کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں جمالی پل کے قریب سپر ہائی وے کے ساتھ سیکٹر 17-B میں 8 ایکڑ سرکاری زمین پر مبینہ طور پر لینڈ مافیا نے قبضہ کر رکھا تھا، جسے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے احکامات پر واگزار کرا لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خالی کرائی گئی سرکاری زمین پر دوبارہ قبضہ روکنے کے لیے پولیس اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی عدالت کے احکامات کے تحت اسی علاقے میں قبضہ ختم کرانے کے لیے جانے والی پولیس، اینٹی انکروچمنٹ فورس کے عملے اور عدالت کے ناظر کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

2026-08-12 64
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×