گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ صوبے کے سیٹلڈ علاقوں میں نمبرداری نظام کو فعال اور مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ زمینوں اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے نمبرداروں کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
تمام اضلاع کے نمبرداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ انتظامی اور سیاسی سطح پر نمبرداروں کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے اور حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کے لیے بھی ان کا تعاون ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سیٹلڈ علاقوں میں نمبرداروں کو ماضی میں خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی، جس کے باعث نمبرداری نظام مؤثر نہ رہ سکا اور زمینوں کی بندر بانٹ ہوئی، جس کا فائدہ صرف لینڈ مافیا کو پہنچا۔ اس کے برعکس نان سیٹلڈ علاقوں میں نمبرداری نظام مضبوط اور مؤثر رہا، جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلڈ علاقوں میں بھی نمبرداری نظام کو فعال اور مضبوط بنایا جائے گا۔ ویلج ویریفکیشن کمیٹیوں کے قیام کے حوالے سے دفاتر کے بجائے پبلک اسمبلی میں کمیٹیاں تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ نمبردار ان کمیٹیوں کی نگرانی کریں گے جبکہ علاقے کے بااثر اور اچھی شہرت رکھنے والے افراد کو بھی ان کا حصہ بنایا جائے گا۔
امجد حسین نے نمبرداروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر پورے کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو نمبرداروں کے دفاتر کے لیے مناسب اقدامات کرنے اور انہیں ضروری اہمیت دینے کی ہدایت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مائننگ رولز میں بھی ویلج ویریفکیشن کمیٹیوں کو اہم کردار دیا جائے گا تاکہ علاقے اور عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر نمبرداروں نے غیر قانونی مائننگ کے خلاف وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ نمبرداروں کا کہنا تھا کہ لینڈ ریفارمز ایکٹ پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیراعلیٰ کا تاریخی اقدام ہے، جس سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہوا اور انہیں اپنی زمینوں کا مالک بنایا گیا۔
نمبرداروں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی بہبود کا وژن رکھنے والے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لینڈ ریفارمز ایکٹ پر عملدرآمد سمیت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے کیے جانے والے تمام فیصلوں میں نمبردار بلا مشروط اور مکمل تعاون کریں گے۔










