کراچی: یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر کراچی میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے آئینی ترامیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیریوں کے حقوق پر حملہ کیا اور خطے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا اور ہر سال 5 فروری اور 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیا جاتا ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں تمام مذاہب کے شہریوں کو آئین کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور امید ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
ریلی کا آغاز پیپلز سیکریٹریٹ کراچی سے ہوا اور مزارِ قائد پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں آل پاکستان حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبدالمتین، سندھ حکومت کے معاون خصوصی راج سنگھ سوڈھا، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس، مختلف محکموں کے افسران اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبدالمتین نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا کشمیریوں سے مسلسل اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے قومی نغمے بھی پیش کیے۔










