کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت یکطرفہ طور پر ختم کی۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بھارت کے اس اقدام نے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ ناصر حسین شاہ کے مطابق پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اقوام متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
وزیر بلدیات سندھ نے مزید کہا کہ یومِ استحصال کشمیر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی آزاد مرضی سے کریں گے۔










