بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

یومِ شہدائے پولیس: راولپنڈی پولیس کی شہداء کو خراجِ عقیدت، اہلِ خانہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب

SerialKiller

فوٹو: فائل

راولپنڈی: یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں راولپنڈی پولیس کے شہداء کے اہلِ خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔


تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی، کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی، سینئر پولیس افسران اور شہداء کے اہلِ خانہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ آر پی او اور سی پی او نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔


اس موقع پر آر پی او اور سی پی او راولپنڈی نے شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور ان سے گفتگو کی۔


سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے 122 شہداء نے وطنِ عزیز کے دفاع اور جرائم کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی دیکھ بھال پولیس کی اولین ترجیح ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔


آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ شہداء کی فیملیز راولپنڈی پولیس کے لیے قابلِ احترام ہیں اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور یہی قربانیاں پولیس فورس کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔


انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو وطن کی حفاظت اور جرائم کے خلاف جنگ میں شہدائے پولیس جیسا جذبہ عطا فرمائے۔


تقریب کے اختتام پر پولیس افسران نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ظہرانہ کیا جبکہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

2026-08-05 36
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×