بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

13 سے 15 اگست تک ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 13 سے 15 اگست کے دوران ملک کے مختلف بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے پیشگی الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ای او سی کے مطابق بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں کے بالائی ملحقہ علاقوں، برساتی ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ

این ای او سی کے مطابق خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، اپر و لوئر دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ مانسہرہ، ہری پور، باجوڑ، بونیر، کرم، کوہاٹ، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی متاثر ہوسکتے ہیں

الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ گلگت بلتستان کے کرمبر، گھانچے، گلگت، نگر، دیامر، ہنزہ، غذر، گوپس یاسین اور استور میں اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔

پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

این ای او سی کے مطابق پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف پہاڑی علاقوں اور برساتی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

بلوچستان میں موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ پنجاب میں مری، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔

13 سے 15 اگست کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دریاؤں میں کم درجے کے بہاؤ کا امکان

این ای او سی کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر کے مقامات پر کم درجے کے بہاؤ کا امکان ہے۔

اسی طرح دریائے راوی میں بلوکی جبکہ دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقامات پر کم درجے کا بہاؤ متوقع ہے۔

این ای او سی نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

2026-08-13 30
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×