آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ان کا طویل بین الاقوامی سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 38 سالہ گلین میکسویل نے پیر کے روز اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ جارحانہ بیٹنگ اور مشکل لمحات میں میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھنے والے میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کی۔
وہ 2015 اور 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کا حصہ رہے، جبکہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران میکسویل نے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 3 ہزار 990 رنز بنائے اور 77 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 201 رنز رہا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں میکسویل نے 2 ہزار 897 رنز اسکور کیے اور 51 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس فارمیٹ میں ان کی سب سے بڑی اننگز 145 رنز کی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 7 میچز کے دوران آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ بھارت کے خلاف 104 رنز ان کا بہترین انفرادی اسکور تھا، جبکہ بولنگ میں 127 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنا ان کی نمایاں کارکردگی رہی۔
میکسویل نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی سفر کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں ستمبر 2012 میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا، جبکہ 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا۔
وہ جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔ ان کی آخری بین الاقوامی شرکت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عمان کے خلاف میچ میں ہوئی تھی۔










